خانیوال : صوبہ پنجاب کے شہرخانیوال میں موٹروے ایم فور پر دھند کے باعث مسافربس اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خانیوال میں ایم فور موٹروے پردھند کے باعث مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بس میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے، مسافربس لاہور سے راجن پور جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔
قصورمیں کاراوررکشےمیں تصادم‘ 4 افراد جاں بحق
خیال رہے کہ چار روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں تیزرفتار کار اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں برس 6 اگست کو پنجاب کے شہر حافظ آباد میں کوٹ سرور انٹر چینج کے قریب وین اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے تھے۔