کبیر والا : اسکول کی بچیاں بھی اب اسکول میں محفوظ نہیں رہیں، خانیوال کے ایک سرکاری اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ کو ذیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خانیوال کے علاقے کبیر والا میں سرکاری اسکول کے چوکیدار نے طالبہ کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خانیوال نے فوری ایکشن لیتے ہوئے چوکیدار ملزم ایوب عالم کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
متاثرہ بچی کے والد نے اے آر وائی نیوزکو بتایا کہ جب میں بیٹی کو اسکول گیا تو چوکیدار نے بتایا کہ وہ گھر جاچکی ہے، گھر پہنچ کر معلوم ہوا کہ وہ نہیں پہنچی جس پر میں پریشان ہوکر ادھر ادھر بچی کو تلاش کرتا رہا۔
طالبہ کے والے نے مزید بتایا کہ جب میں دوبارہ اسکول پہنچا تو دیکھا کہ چوکیدار بچی سے ذیادتی کررہا تھا۔ مجھے دیکھ کر ملزم وہاں سے فرار ہوگیا، اسکول کی میڈم سے شکایت کی تو انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو دبا دیں ورنہ بہت بدنامی ہوگی۔
بعد ازاں کبیروالا کے ڈی پی او ندیم عباس نے اسکول میں بچی سے زیادتی کا نوٹس لے لیا، ڈی پی او کی احکامات پر ملزم چوکیدار ایوب عالم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ طالبہ کو طبی معائنے کیلئے ٹی ایچ کیو اسپتال بھیج دیا گیا ہے، متاثرہ طالبہ کے واقعہ کی خود نگرانی کررہا ہوں۔