کراچی : ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ بیورو کریسی وزیر اعلیٰ سندھ کو بیوقوف بنا رہی ہے، سندھ حکومت کی تبدیلی تک کراچی میں تبدیلی نہیں آسکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ کنور نوید جمیل بھی موجود تھے۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ شہر کے دورے پر نکلے اچھا کیا، لیکن بارش کے بعد شہر میں بارہ افراد جاں بحق ہوگئے ان کی موت کا ذمہ دار کون ہے ؟
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بارہ جاں بحق افراد کے قتل کا مقدمہ کے الیکٹرک اور ضلعی و ڈپٹی کمشنرز کے خلاف درج کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں کی بارش نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے اورکراچی کے ندی نالے گندگی سے بھرے پڑے ہیں۔
نالوں کی صفائی کے نام پر کروڑوں روپے جاری کیے گئے، کرپٹ لوگوں کو گھربھیجے بغیر تبدیلی ناممکن ہے۔ کچرا اٹھانے کے نام پر 15،15کروڑ روپے جاری کیے گئے،ان کا حساب کون لے گا؟
کنور نوید جمیل نے کہا کہ کراچی آپریشن پر مانیٹرنگ کمیٹی کا مطالبہ کیا تھا جو اب تک نہیں بنی ۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، ہم نے کبھی بھی جرائم پیشہ افراد کورہا کرنے کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہر کے حالات کے پیش نظر ایم کیوایم نے اتوار کے روز نکالی جانے والی ریلی بھی موخر کردی۔