اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ریاست کے دشمن ہیں ان کا ٹرائل فوجی قوانین کے مطابق ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے الجزیرہ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ نو مئی کو پی ٹی آئی ورکروں کے فوجی تنصیبات پر حملے کے بعد بحران شروع ہوا، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ریاست کے دشمن ہیں ان کا ٹرائل بھی فوجی قوانین کے مطابق ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملزمان کو ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کا حق حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس سے پہلے بھی گرفتاریاں ہوتی رہی ہیں۔ میں بھی گرفتا ہوا ہوں, میرا لیڈر اور میری سیاسی پارٹی کے کئی لوگ گرفتار ہوئے لیکن ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی۔ ہم نے گرفتاریوں پر کبھی عسکری اور سول تنصیبات پر حملے نہیں کئے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہم صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، شہروں میں امن بحال ہو چکا ہے چند دنوں میں حالات معمول پر ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن شیڈول کے مطابق اکتوبر میں ہوں گے۔