وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کو ’نوسرباز‘ اور ’فراڈیا‘ قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بڑا نوسرباز اور فراڈیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے ایگزیکٹو آرڈر سے قیدی رہا ہوں، کوئی ایگزیکٹو آرڈر جاری نہیں ہوگا، عدالتوں نے سزا دی ہے وہی ریلیف دے سکتی ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ساڑھے 400 کنال زمین ہے جس کے ٹرسٹی عمران خان اور انکی اہلیہ ہیں، چار سال ہوگئے اور صرف 400 بچہ پڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر شوکت خانم کے پیسے کھانے کا بھی الزام ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جھوٹے الزام لگا کر نواز شریف کو سزا سنائی گئی، این سی اے نے تحقیقات کرکے حسن نواز کو کلین چٹ دی تھی۔
مذاکرات سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ فیصلے سے مذاکرات متاثر نہیں ہونے چاہییں کیونکہ پی ٹی آئی خود بھی کہہ چکی ہے مذاکرات جاری رہیں گے چاہے فیصلہ کچھ بھی ہو۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس میں کرپٹ پریکٹس اور بدعنوانی پر 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ جرم میں معاونت کرنے پر بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔