وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے پانی روکنے کے لیے تعمیرات کیں تو تباہ کردیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آج کی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے جارحیت متوقع ہے، تصادم ناگزیر ہوگیا ہے جو کسی بھی وقت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سرزمین کے ٹکڑے پر قبضے کی حکمت عملی بھارت کو بہت مہنگی پڑے گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو وہ اسی میں ڈوب مریں گے، ان کے ہر اقدام کا ہم نے سدباب کیا ہوا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے اگر پاکستان کے اندر بھی آنے کی کوشش کی تو گھر پہنچا کر آئیں گے، ان کی ساری تیاریاں ہماری نظر میں ہیں مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں بڑے پیمانے پر فوجی نقل و حرکت فی الحال نظر نہیں آرہی، ان کے حکمرانوں کے خواب خواب ہی رہ جائیں گے ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بھارتی رافیل طیارے سرحد کے بہت قریب آئے تھے مگر ان کا سسٹم جام ہوگیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ
واضح رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جس میں وزیراعظم کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہیں مشرقی سرحد پر بھارت کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف کے ہمراہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار ، وزیردفاع خواجہ آصف اور سروسز چیفس بھی تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں پاکستان کی مشرقی سرحد پر بھارت کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اور اشتعال انگیز رویےکے تناظر میں روایتی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں پر خاص زور دیا گیا اور قیادت کو علاقائی سلامتی کی صورتحال اور خطرات کے بدلتے ہوئے تناظر، بشمول روایتی عسکری اقدامات، ہائبرڈ وار فیئر کی حکمت عملیوں اور دہشت گرد پراکسیز سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نےکہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان آرمی دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل افواج میں سے ایک ہے۔