اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں عدم شرکت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آڑے ہاتھوں لیا۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ثابت ہوگیا وطن کی سلامتی اور امن پی ٹی آئی کیلیے اہمیت نہیں رکھتے، پی ٹی آئی نے آج ثابت کر دیا عمران خان اول اور آخر، اُن کی ترجیح ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘ پی ٹی آئی کا نصب العین ہے، ملک دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے اور پی ٹی آئی اپنے مفادات کی سیاست کر رہی ہے، اس سے بڑھ کر وطن دشمنی کیا ہو سکتی ہے؟
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی نے میٹنگ میں شرکت نہ کرنے کی تائید کی ہے، بیرسٹر گوہر
پی ٹی آئی نے آج قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اہم اجلاس میں شرکت عمران خان سے ملاقات کروانے سے مشروط کی تھی۔ رات گئے ان کی پارلیمانی پارٹی اور سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں قومی سلامتی کمیٹی کے بند کمرہ اجلاس میں شرکت پر غور کیا گیا تھا۔
کمیٹی ارکان نے کہا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے بغیر اجلاس میں شرکت نہ کی جائے، جس کے بعد اجلاس میں طے پایا کہ اجلاس سے قبل حکومت بانی پی ٹی آئی کی پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کرائے اور ملاقات نہ کروانے کی صورت میں اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ قومی سلامتی سے جڑے معاملات پر عمران خان سے مشاورت ضروری ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے بھی اسپیکر ایاز صادق سے یہی مطالبہ کیا تھا۔ عامر ڈوگر نے تین پی ٹی آئی ارکان کی بانی سے ملاقات کا کہا تھا۔
دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی، اس فیصلے میں پی ٹی آئی بھی شامل ہے، فیصلہ اپوزیشن کی مشترکہ مشاورت سے کیا گیا۔