جمعرات, مارچ 13, 2025
اشتہار

ٹرمپ تو آگیا مگر بانی پی ٹی آئی کا کچھ نہیں بنا، خواجہ آصف

اشتہار

حیرت انگیز

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بڑا شور تھا ڈونلڈ ٹرمپ آئے گا تو عمران خان باہر آ جائیں گے، وہ تو آگیا مگر بانی پی ٹی آئی کا کچھ نہیں بنا۔

نیوز کانفرنس میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک بار پھر احتجاجی جلسے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، 18 یا 19 فروری کو چیمپئنز ٹرافی کی شروعات پر احتجاج کا پروگرام بنایا ہے، جب بھی کوئی ایسا موقع آتا ہے تو یہ احتجاج شروع کر دیتے ہیں، ایس سی او کانفرنس کے دوران بھی انہوں نے اسلام آباد پر حملہ کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش ہوتی ہے کسی بڑے ایونٹ کے دوران احتجاج کرے، یہ چاہتے ہیں ان سب چیزوں کو کسی ایونٹ سے منسلک کریں، احتجاج کر کے ایونٹ کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، آج کے جلسے میں خیبر پختونخوا حکومت کے کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں، سرکاری ملازمین کو جلسے میں آنے کا کہا جا رہا ہے سرکاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کے جلسے یا احتجاج کسی دوسرے صوبے میں نظر کیوں نہیں آتے؟ پی ٹی آئی کو باقی 3 صوبوں سے لیڈرشپ نظر نہیں آئے گی، بہت بڑے بڑے نام تھے جو مصلحتوں کا شکار ہوگئے حلقوں میں پذیرائی ختم ہوگئی۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگر یہ پرامن احتجاج کریں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ان کے ہر جلسے اور جلوس کا اختتام تشدد پر ہوتا ہے، پرامن جلسے ہوں تو انتظامیہ کی طرف سے مناسب انتظامات کیے جا سکتے ہیں، کوئی اسلام آباد یا کسی صوبے میں حملہ کرنے کی نیت سے جائے تو اس کی اجازت نہیں، سیاسی جماعتوں کو سیاسی اقدار کو اپنانا چاہیے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کہتے ہیں ہمارے 99 فیصد مطالبات منظور ہوگئے، اگر ان کے مطالبات منظور ہوگئے تو احتجاج کس لیے جشن منانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن خط لکھا جاتا ہے جس میں ایسے نکات اٹھائے گئے جس کی وجہ سے کرائسز پیدا ہوئے، ایک شور تھا ٹرمپ آئے گا چھا جائے گا عمران خان باہر آ جائے گا، لیکن ان کا کچھ نہ بنا، امریکی وفد کے ایک فرد نے کہا ماہانہ 4 ملین ڈالر پی ٹی آئی والے امریکا میں خرچ کر رہے ہیں، عنقریب ان پیسوں پر بھی ان کی لڑائی ہونی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں