اسلام آباد: پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ خواجہ آصف اور مریم نواز کی کوشش ہے مذاکرات کو ناکام بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا خواجہ آصف، مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مذاکرات سے متعلق حکومت کے مختلف دعوے سامنے آرہے ہیں، دونوں مذاکرات کو ناکام بنانا چاہتے ہیں، ہم نے پاکستان کی خاطرایک قدم آگے بڑھنے کی کوشش کی۔
انھوں نے کہا کہ مریم نواز اور خواجہ آصف جو باتیں کررہے ہیں اس پر انتہائی افسوس ہے، اس سب کے باوجود اپنے تحفظات اور مطالبات میں کمی کی تاکہ ملک آگے بڑھے، پوری قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم جو کچھ کررہے ہیں پاکستان کے لیے کررہےہیں، معیشت کے جوحالات ہیں اس سے ملک میں مایوسی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں نہ ہم کسی خوف میں مبتلا ہیں نہ کسی سے ڈر رہے ہیں، اگر ہم نے اپنے تحفظات کو پیچھے کیا ہے تو صرف پاکستان کی خاطر، حکومت نے وعدہ کیا تھا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے گی۔
اسد قیصر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اب مختلف حیلے بہانے کیے جارہے ہیں، چاہتے ہیں ملک میں آئین کی حکمرانی ہو،عدلیہ آزاد ہو۔
انھوں نے کہا کہ چاہتے ہیں ملک میں سول سپرمیسی ہو اور مضبوط پارلیمنٹ ہو، ملک کو حقیقی معنوں میں عوام کی مرضی کے مطابق چلایا جائے، ہم ہرصورت میں اپنے مؤقف پرقائم ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان نہیں دنیا بھر میں بڑے لیڈر بن کر ابھر رہے ہیں، بانی جیل میں جوصعوبتیں برداشت کررہے ہیں وہ ملک کیلئے ہیں۔