اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس ہمارے خلاف کوئی شواہد ہیں تو سامنے لائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو پتہ چلناچاہیے مودی انٹرنیشنل دہشتگرد ہے، پاکستان،امریکا اور کینیڈا میں بھی بھارتی دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں، بھارت کی دہشت گردی کے شواہد منظر عام پر آنے چاہئیں۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ بھارت اب دوبارہ پاکستان پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتا، دشمن کےخلاف پوری قوم متحد ہے، مودی کے دن گنے جاچکے ،فیصلہ اب بھارتی عوام نے کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کی بات تو خود ٹرمپ نے بھی اپنی تقریر میں کردی ، جنگ سے معاملات اور بھی الجھ گئے جن کا حل تلاش کیا جانا لازمی ہے۔
بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ دہشت گردی، سندھ طاس معاہدہ اور مسئلہ کشمیر مذاکرات کا ایجنڈا ہونا چاہیے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان تیس سال سے دہشت گردی کا شکار ہے، دنیا کو اب فیصلہ کرنا چاہیے ہم پر لگے الزامات کی حقیقت کیا ہے، بلوچستان اور کے پی میں دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں، ان کے پاس ہمارے خلاف کوئی ثبوت ہے تو لائیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت اب دوبارہ پاکستان پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتا، دشمن کےخلاف پوری قوم متحد ہے۔