سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر 2024 کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے حوالے سے اہم بیان جاری کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے بھی 2 مرتبہ حملہ آور ہوئی تھی اور دونوں احتجاج میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ورکرز کو چھوڑ کر خود بھاگ گئے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت یہ سب رنگ باز ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں، پی ٹی آئی اس بار بھی احتجاج کیلیے آئے گی تو شکست کھائے گی، رہنماؤں نے اتنا ’ ڈو اور ڈائی‘ کا مسئلہ بنایا ہے تو اپنے بچے بھی لائیں۔
’بانی پی ٹی آئی اپنے تینوں بچوں اور بشریٰ بی بی بھی اپنے بچے احتجاج میں لائیں۔ یہ اپنے بچوں کو آگے لگائیں وہ احتجاج کو لیڈ کریں۔ پی ٹی آئی رہنما لوگوں کے بچوں کو لا کر ذلیل کرتے ہیں اور اپنے بچے نہیں لاتے۔ بانی پی ٹی آئی کے بچے پُر آسائش زندگی گزار رہے ہیں۔‘
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ نواز شریف اور ذوالفقار علی بھٹو کے خاندانوں پر آزمائشیں آئیں، ہم پر بھی بُرا وقت آیا یہ پی ٹی آئی والے آسمان سے تو نہیں اترے، مجھ پر، میری بیوی اور بیٹے پر مقدمات بنے گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے مذاکرات کی آفر ہر وقت موجود ہے لیکن بانی پی ٹی آئی سیاسی سطح پر نہیں بلکہ صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ ڈبل ایجنٹ بنے ہوئے ہیں۔
’بانی پی ٹی آئی کی کوئی حیثیت نہیں تھی لیکن اسے لیڈر بنایا گیا‘
چند روز قبل لندن میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی کوئی حیثیت نہیں تھی لیکن اسے لیڈر بنایا گیا، نواز شریف کے پورے خاندان کی کردار کشی کی گئی، ان سمیت ان کے خاندان نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔
خواجہ آصف نے کہا تھا کہ نواز شریف کے سامنے ان کی بیٹی مریم نواز کو گرفتار کیا گیا، بدترین دشمن بھی ایسا نہیں کرتے جو بانی پی ٹی آئی نے کیا تھا، آج ہمیں نواز شریف کی جدوجہد کا ثمر مل رہا ہے ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے، ملک کے تمام معاشی اشاریے بہتری کی جانب جا رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم تھا، بانی پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پنجاب لیز پر دے دیا تھا لیکن آج پنجاب دوبارہ ترقی کی راہ پر گامز ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب کی ترقی کیلیے محنت کر رہی ہیں۔
’سندھ میں بھی ترقی ہو رہی ہے جہاں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کام کر رہے ہیں، جو مثالی قیادت پنجاب کو ملی ہے شاید ہی کسی صوبے کو ملی ہو، ملک میں موٹرویز نہ ہوتیں تو سفر انتہائی کٹھن ہوتا، قائد نواز شریف نے قوم کی ضروریات کے مطابق موٹروے بنائی۔‘