اسلام آباد : وزیردفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا میں حسین حقانی پاکستان کوایف سولہ طیارے دینے کی مخالفت کررہے ہیں۔ بھارتی لابی بھی پاکستان کوایف16ملنےکےخلاف سرگرم ہے۔
یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہی،وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میموگیٹ اسکینڈل کے مرکزی کردار اور امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی امریکا میں پاکستانی مفادات کے خلاف کام کررہے ہیں۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ بھارتی لابی اورامریکا میں پیپلزپارٹی دورکےسابق سفیرپاکستان کوایف سولہ طیارے دیئے جانے کی مخالفت کررہے ہیں۔
حسین حقانی کوبدنام زمانہ میموگیٹ اسکینڈل کی وجہ سے سفارت سے ہاتھ دھونا پڑے تھے، سابق سفیرنےامریکی نژاد پاکستانی تاجرمنصوراعجاز کے ذریعے امریکی حکام کو پیغام دیا تھا کہ پاکستانی فوجی قیادت کوروکے کہ وہ پیپلزپارٹی حکومت نہ گرائیں۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ دہشت گردی کو مسلم امہ کے ساتھ جوڑنا غلط ہے 34 ملکی اتحاد کسی کے خلاف نہیں۔ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ ۔سعودی عرب میں اس وقت گیارہ سو سے زائد پاکستانی فوجی موجود ہیں ۔اور اب ان اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
سعودی عرب میں ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے میزبان کواس بات پرراضی کرلیا کہ معاملہ کومیز پربیٹھ کرحل کیا جائےگا۔