جمعرات, جون 19, 2025
اشتہار

امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی ملاقات موجودہ حکمرانی کے ہائبرڈ ماڈل کی کامیابی ہے، خواجہ آصف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات پاک امریکا تعلقات میں ایک سنگ میل ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اس سے پہلے امریکی صدر کی پاکستانی آرمی چیف کو دعوت اور ملاقات کی مثال نہیں ملتی، یہ پاک امریکا تعلقات کی 78 سال کی تاریخ سب سے اہم موڑ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری

وزیر دفاع نے کہا کہ ملاقات میں بین الاقوامی اور خطے کے امور زیر بحث آنے سے پاکستان کی اہمیت اجاگر ہوئی، پاکستان معاملات حل کرنے میں جس طرح مدد کر سکتا ہے اس اہمیت کو تسلیم کیا گیا، پاک بھارت تنازعات کی دوبارہ بین الاقوامی حیثیت اجاگر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ حکمرانی کے ہائبرڈ ماڈل کی کامیابی ہے، معیشت کی بحالی، بھارت کی شکست اور امریکا کے ساتھ تعلقات میں کامیاب بہتری ہے، یہ انقلابی تبدیلیاں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تعاون سے ممکن ہوئیں، اللہ ہم سب کو ذاتی و گروہی مفادات سے بالا ہو کر قوم کی خدمت کرنے کی توفیق دے۔

قبل ازین اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر میں ملاقات دونوں ممالک میں نئی شروعات ہو سکتی ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ کسی بھی امریکی صدر نے پاکستان کے کسی بھی آرمی چیف کو کھانے پر ایسے دعوت پر نہیں بلایا، بھارت اس وقت تنہائی کا شکار ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گفتگو پاکستان کیلیے بہتری کی بات ہے، بھارت میں اس وقت صف ماتم ہے ان کو سمجھ نہیں آ رہا ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ بات کر رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی نظریں امریکا کے فیصلہ کن کردار کی طرف ہے، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ جاری ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں