بدھ, اپریل 16, 2025
اشتہار

بانی پی ٹی آئی نے پی آئی اے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، خواجہ آصف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے کا خسارہ اور قرض آسمان تک پہنچ گیا جبکہ یورپین اور برطانیہ روٹس بند ہوگئے، عمران خان کے دور حکومت میں لاجواب پرواز قصہ پارینہ بن گئی تھی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قیادت سنبھالی تو یورپین روٹ بحال ہوئے، ان شاء اللہ برطانیہ روٹ کی بحالی زیادہ دور نہیں، 21 سال بعد پی آئی اے اربوں کا منافع بخش ادارہ بن گیا، یہ قومی ادارہ ایک دفعہ پھر سبز ہلالی پرچم کا پاسبان بن گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ منظور، 51 سے 100 فی صد شیئرز فروخت ہوں گے

وزیر ہوا بازی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی نیت اور محنت اللہ قبول کر رہا ہے، چیئرمین پی آئی اے عامر حیات اور ان کی ٹیم اور ملازمین قابل تحسین ہیں۔

یاد رہے کہ پی آئی اے نے 21 سال کی طویل مدت کے بعد خالص منافع حاصل کیا۔ گزشتہ روز قومی ایئر لائن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سال 2024 کے سالانہ نتائج کی منظوری دی تھی۔

اس پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 21 سال بعد پی آئی اے نے 9.3 ارب روپے کا آپریشنل منافع کمایا، اس نے مالی سال 2024 میں 26.2 ارب روپے نیٹ منافع حاصل کیا، ایئر لائن کا آپریٹنگ مارجن 12 فیصد سے زیادہ رہا جو کسی بھی بہترین ایئر لائن کے برابر ہے۔

’پی آئی اے نے آخری بار منافع 2003 میں کمایا تھا۔ یہ 2 دہائیوں تک خسارے کا شکار رہی، حکومت کی سرپرستی سے پی آئی اے میں جامع اصلاحات کی گئیں، افرادی قوت اور اخراجات میں واضح کمی کی گئی۔‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں