جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 دن کی توسیع

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: احتساب عدالت میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون اسیکنڈل کیس کی سماعت 20 جون تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف پیراگون اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔ خواجہ سلمان رفیق کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی کے جوائنٹ سیشن کی وجہ سے پیش نہ ہوئے۔

عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ تیسرےملزم ندیم ضیا کواب تک کیوں گرفتار کرکے پیش نہیں کیا گیا، پروڈکشن آرڈرملزم کی مرضی سے جاری ہوتے ہیں یا درخواست دیتے ہیں؟۔

احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج تو خواجہ برادران پر فرد جرم عائد کرنی تھی، کیس اب کافی سنجیدہ موڑپرآگیا ہے۔

وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا معاملہ بہت اہم ہے اس لیے خواجہ سعد کی شرکت لازمی تھی، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اسپیکر کوعدالت حکم دے سکتی ہے کہ ملزم کو لازمی بھیجا جائے۔

احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسمبلی میں جانا ملزم کا حق ہے لیکن طریقے کار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، کیس جوڈیشل ہو جانے کے بعد نیب کا ملزم سے کوئی تعلق نہیں رہتا۔

عدالت نے خواجہ سعد اورسلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 دن کی توسیع کرتے ہوئے 20 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں