کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کا سوچنے والے دنیا سے چلے جائیں گے گورنر یہیں رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا سوچنے والا دنیا سے رخصت ہوجائے گا، گورنر یہیں رہے گا۔
ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے معاہدوں کی تاریخ بہت پرانی ہے، معاہدےپورے نہیں کئے تو کیا فائدہ حکومت میں رہنے کا ، جب اقتدار ملنا ہوتا ہے تو سب کو غریب یاد آتے ہیں، اقتدار کے بعد مسئلے یاد آتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ معاہدے ہوتے ہیں تو سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر ضمانتی ہوتے ہیں، ہم ہمیشہ جمہوریت کے راستے سے حکومت میں جاتے ہیں۔
خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ جعلی ڈومیسائل کے خلاف کیس کیا تھا، 8برس پہلے سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائی تھی لیکن حکومت سندھ نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، ہائیکورٹ میں کیس کی دوبارسماعت ہوئی، ہائیکورٹ نےسندھ حکومت کی کمیٹی سےرجوع کرنےکی ہدایت کی، آج سپریم کورٹ رجسٹری میں چوتھی پیشی ہے.
انھوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ بھی تاریخ پر تاریخ کا معاملہ ہورہا ہے ، ہمیں ابھی بھی انصاف کی امید ہے، ایک سے 4 گریڈ تک دوبارہ نوکریاں دی جارہی ہیں، پورے صوبے کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پورے ملک سے لوگ جعلی ڈومیسائل بنوا کر نوکریاں لے رہے ہیں، کے ایم سی اور ڈی ایم سی میں بھی یہی حال ہے، ماضی میں طاقتور وزیر نے کہا تھا کہ ہائیکورٹ میں کچھ نہیں ہوگا، حکومت کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ 2سال سے سرکاری وکیل تاریخ لے رہے ہیں آج پھر تاریخ لے لی، پتہ نہیں اب دوبارہ سپریم کورٹ بینچ کب کراچی آتا ہے، جب تک ہماری سکت باقی ہے کیس لڑیں گے، کمیٹی نے 30 روز میں رپورٹ پیش کرنا تھی لیکن 2سال بعد بھی کسی کو کمیٹی کا خیال نہیں آیا۔