لاہور : خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی پیسوں کے عوض ملک کی خدمت نہیں کی، انتخابات قریب ہیں، اس لیے میرا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ احتساب کا نعرہ لگانے والوں کے مقاصد وطن سے محبت نہیں کچھ اور ہیں, مجھے جب بھی نیب میں بلایا جائے گا، میں جاؤں گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میں نے کبھی کوٹے میں کوئی پلاٹ نہیں لیا اورنہ ہی کبھی قرضہ لیا ہے، اپنے اثاثہ جات کی تمام تفصیلات نیب کے سامنے پیش کردی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزیربننے کے بعد کوئی تنخواہ نہیں لی، جو بھی کام کیا، رضا کارانہ کیا ہے۔ ملک کی جتنی خدمت کی ہے میرا ضمیر اس پُر مطمئن ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ کچھ میڈیا چینلز نے بریکنگ کے لیے میرا اور میرے خاندان کا میڈیا ٹرائل کیا اور جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں میڈیا ٹرائل میں بھی تیزی آتی جارہی ہے۔ میڈیا نے مجھے پاکستان کا کرپٹ ترین شخص بناکر پیش کیا، جس کے باعث دو تین ماہ سے کاموں پر توجہ نہیں دے سکا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسے خاندان کے خلاف احتساب کیا جارہا ہے جس نے پاکستان کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ملک میں کام کرکے دکھایا ہے، جو سمجھتے ہیں کہ سیاست دانوں کا چہرہ کالا کیا جائے گا، وہ لوگ لوٹے ہیں ان کا کوئی علاج نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں نے آج تک ملک کی کوئی خدمت نہیں کی اور نہ ہی کبھی اپنی ذمہ داری پوری کی ہے۔ جو لوگ پس پردہ چور چور کے نعرے لگارہے ہیں ان سے ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا ہے کہ ہم ملک میں تصادم نہیں چاہتے، لہذا پاکستان کی عوام کو فیصلے کا حق دیا جائے کہ کس لیڈر کو لانا ہے کس کو باہر نکالنا ہے۔ اگر خود فیصلہ کرنے لگے تو ملک انتشار اور افراتفری کی طرف جائے گا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں