لاہور : سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کی آوازیں آرہی ہیں لیکن ملک میں عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، نگراں وزیراعظم اورچیف جسٹس بھی کہہ چکے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، انتخابات میں تاخیر کی آوازیں نہیں آنی چاہئیں۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے پی ٹی آئی اور خیبر پختونخوا حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں دھرنے، گالیاں اور جھوٹ بولنے والوں کو ناکامی ہوگی، عوام انہیں مسترد کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنے، سازشیں اور نااہلی جیسے فیصلے نہ آتے تو ملک بھر سے لوڈشیڈنگ ختم ہوجاتی، جمہوریت کو عمران خان کے رویےنے نقصان پہنچایا جبکہ ہم نے بڑھکیں نہیں ماریں، کام کرکے دکھایا۔
سعد رفیق نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ نالائقوں تم نے کیا کیا؟ ڈینگی سے ڈر کر نتھیا گلی بھاگ گئے تھے، تم نے جو عوام سے وعدہ کیا تھا خیبر پختونخوا میں وہ350ڈیم کہاں گئے؟
سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے، ملک کو آگےلے کر جانے کیلئے گالی اور نفرت کو ختم کرنا ہوگا، نوازشریف نےجمہوریت کیلئےبہت جدوجہدکی، نواز شریف کے نااہل ہونے سے ملک کو نقصان ہوا، وزرائےاعظم کی تذلیل نہیں ہونی چاہئے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔