فیصل آباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈویژنل افسران نے وفاقی وزیر کو عوام کی سہولیات کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے قراقرم ایکسپریس میں سفر کرنے والے مسافروں سے ٹرین میں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی پوچھا۔
وفاقی وزیر نے ڈی ایس ریلوے لاہور کو ہدایات دیں کہ پلیٹ فارم نمبر 2 اور 3 کے درمیان مسافروں کی سہولت کے لیے شیڈ تعمیر کیا جائے اور اسٹیشن کے باہر پارکنگ سٹینڈ کو بحال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارمز کی مرمت اور اس کو لیول کیا جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر وہاں موجود قلیوں سے گھل مل گئے اور ان سے ان کے مسائل سنے۔
وزیر ریلوے نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ ماضی میں قلیوں کو دی جانے والی سہولیات کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے اسٹیشن کے مین انٹری پوائنٹ کو اپ گریڈ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
وزیر ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر وینڈنگ سٹالز کی لوکیشن کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی تاکہ مسافر آسانی سے ٹرین میں سوار ہو سکیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے لیے آنے والے، پرانے پاکستان کا کباڑا کر گئے۔ سب کچھ نئے سرے سے کرنا پڑ رہا ہے، ریلوے کو پٹڑی پر چڑھا دیا ہے جلد بہتری نظر آئے گی۔