لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سارا رونا سینٹ الیکشن کا ہے کہ مسلم لیگ ن اکثریت نہ لے جائے، زرداری اور قادری کا اتحاد سمجھ سے بالاتر ہے، عمران خان تم شعور نہیں گمراہی پھیلاتے ہو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ورکرزکنونشن سے خطاب اور اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا، سعد رفیق نے کہا کہ توسیع نہ دینے پر کرپشن کے الزام لگتے ہیں۔
لوگ ماڈل ٹاؤن میں مرتے ہیں اور الزام اسلام آباد پر لگا دیا جاتا ہے، سیاسی لڑائیاں عدالتوں میں نہیں لڑنی چاہئیں، مارچ کے سینیٹ الیکشن میں اکثریت ختم کرنے کے لئے سازشیں بند کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان گالیاں دیتا ہے لیکن نواز شریف نے کہا اصولوں کو پامال نہیں کرنا، ووٹ کی اہمیت رہنی چاہیئے، سیاسی لڑائیاں عدالتوں میں نہیں لڑنی چاہئیں کیونکہ یہ لوگ عدالتوں کو بھی امتحان میں ڈال دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توسیع نہ دو تو آپ ٹارگٹ ہو، آپ کرپٹ ہو، آپ کی محنت پر پانی پھیر دیا جاتا ہے، حکومت نے بجلی کے منصوبے لگائے، لوڈشیڈنگ ختم کی، ابھی ہمیں کام نہیں کرنے دیا جاتا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہوگا لیکن سیاستدانوں کو گالیاں دی جا رہی ہیں، ہمیں جواب دینا آتا ہے لیکن لڑائی بڑھے گی، اس سے ملک کے حالات خراب ہونگے، الیکشن میں تاخیر ہوئی توذمہ داری عمران خان اورزرداری پرہوگی۔
علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ توئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اقتدارکی بھوک زرداری قادری اور عمران کے شیطانی اتحاد کا محرک ہے، پی ایم ایل کو نقصان پہنچانےکے شوق میں ملک اور جمہوریت سےکھِلواڑ کیاجا رہا ہے۔
عمران خان نے خیبر پختونخوا کا کباڑہ کردیا، گالی جھوٹ اور منافقت کا دوسرا نام شیطانی عمرانی سیاست ہے۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو کام ہی نہیں کرنے دیا گیا عمران خان اور طاہرالقادری کے د ھرنے نے دنیا کوغلط پیغام دیا۔