حیدرآباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اس بار سندھ میں صوبائی حکومت بھی بنائیں گے، پیپلزپارٹی کی حکمرانی نے سندھ کو کھنڈرمیں تبدیل کر دیا، نواز لیگ سندھ کو متبادل قیادت دے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر آباد میں مسلم لیگ نواز کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز لیگ نے سندھ میں دستک دینے کا آغاز کردیا ہے، اس بار سندھ میں صوبائی حکومت بھی ہم بنائیں گے، ملک تو بدل رہا ہے سندھ کے لوگوں کی زندگی نہیں بدل رہی۔
انہوں نے سوال کیا کہ زرداری صاحب بتائیں کہ سندھ کا نقشہ کیوں بگڑا ہے؟ پیپلزپارٹی کی حکمرانی نے سندھ کو کھنڈرکیوں بنا دیا؟ سعد رفیق نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے کرپشن کی باتوں پرلوگ ہنستے ہیں، کرپشن کیخلاف باتیں پیپلزپارٹی کو زیب نہیں دیتیں۔
پنجاب کا نقشہ بدل سکتا ہے تو سندھ میں تبدیلی کیوں نہیں آ سکتی
ان کا کہنا تھا کہ ہراس شخص کے ساتھ ہیں جو پاکستان زندہ باد کی بات کرے گا، آئندہ نعروں پر الیکشن نہیں جیتا جا سکے گا ،پنجاب کا نقشہ بدل سکتا ہے تو سندھ میں تبدیلی کیوں نہیں آ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک ایسی جماعت بن گئی ہے جو ہر بار صرف نعرے پرالیکشن جیتنا چاہتی ہے، لیکن اس بارایسا نہیں ہوگا، کیونکہ ببر شیرمیدا ن میں نکل آیا ہے۔
اس با رسندھ کو متبادل قیادت دیں گے۔ سعدرفیق نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو جب پنجاب آتےہیں تو اچھا لگتا ہے، اس لئے ہم نے بھی سندھ میں دستک دینے کا آغاز کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیاری پیپلزپارٹی کےدوستو ہم سندھ میں لینڈ کرچکے ہیں،اور 2018میں سندھ میں حکومت ہم بنائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ جو پاکستان کیخلاف بات کرے گا تو عوام اس کی سیاست کو مسترد کردینگے۔