لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پونے 5 سال بھرپور محنت سے کام کیا ہے۔ ریلوےچل نہیں رہی تھی، ہم نے اسے اپنے پیروں پر کھڑا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری سیاست سے اختلاف کیا جا سکتا ہے لیکن خاندان کی قربانیوں سے نہیں۔ سیاست جتنی بھی کی کبھی نظریہ یا وفاداری تبدیل نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے میں پونے پانچ سال بھرپور محنت سے کام کیا ہے۔ آج دل رنجیدہ ہے جس کا اعتراف کرتا ہوں۔ زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا میری کسی بات کو پھر پکڑا جائے گا۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریلوے کا محکمہ جب ملا تو یہ 18 ارب روپے کماتا تھا اور 30 ارب کا خسارہ تھا۔ آج ریلوے 50 ارب کماتا ہے۔ ادارے سے لوگوں کو نکالا نہیں ورنہ بے روزگاری بڑھ جاتی۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہ نہیں لیتا، کھانا میرے گھر سے آتاہے۔ ادارے کی بہتری کے لیے جو کر سکتا تھا وہ کیا ہے۔ ’میرے ساتھ کام کرنے والے افسران نے بھی دل و جان سے کام کیا۔ بڑے ادارے ایک دم سے ٹھیک نہیں ہوسکتے‘۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ ریلوے کے مسافروں میں ایک کروڑ 40 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ ریلوےچل نہیں رہی تھی، ہم نے اسے اپنے پیروں پر کھڑا کر دیا۔ ’ہم نے کرائے بڑھائے نہیں بلکہ کم کیے ہیں‘۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔