ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، سعد رفیق

اشتہار

حیرت انگیز

صوابی : وزیر ریلو ے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، چین نے وزیراعظم پراعتماد کرتے ہوئے سی پیک کا تحفہ دیا، سیاست غیر سنجیدہ لوگوں کا کام نہیں، کوئی دباؤ ڈال کر جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہ کرے، عمران نیازی جمہوریت کے لیے بوجھ بن چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوابی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نوازکی حکومت نے ملک میں امن قائم کیا، نوازشریف نےحکومت سنبھالی تو چین نے بھی ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قوم کو سی پیک کا تحفہ دیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سی پیک کسی ایک شہر کے لیے نہیں پورے ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے، سعد رفیق نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تبدیلی آناشروع ہوئی تو کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد شروع ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خان صاحب کو ملک بنانے کا موقع دیا لیکن انہوں نے اس موقع کا غلط فائدہ اٹھایا اور دھرنے دینا شروع کردئیے جن میں ہر روز ایک نیا جھوٹ سننے کو ملتا تھا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان کا جھوٹ بڑھتے بڑھتے پاناما لیکس تک پہنچ گیا جبکہ ان کے پانامہ کا پاجامہ بن جائے گا۔

وزیر ریلو ے نے کہا کہ کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، تلاشی لینے والوں کی تلاشی ہوئی تو ان کی چیخیں نکل گئیں، انہوں نے جلسے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ صوابی والوں بتاؤ، کیاجلسوں میں ناچ گانا کرنا ہمارا کلچر ہے، ایک غلطی آپ سے ہوئی، لگتا ہے ایک ہم سے بھی ہوگئی، وہ یہ کہ ہم اگر مولانا فضل الرحمان کی بات مان لیتے تو آج کے پی کے کا یہ حال نہ ہوتا، کیا اب عوام پی ٹی آئی کو دوبارہ ووٹ دینے کی غلطی کریں گے؟

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاست دان عوام سے محبت کرتا ہے، ہم سیاسی کارکن ہیں، پیرا شوٹ سے سیاست میں نہیں آئے،کے پی کے میں ن لیگ کی حکومت ہوتی تو اب تک تین 4 میٹرو بن چکی ہوتیں عمران صاحب آپ نے کے پی میں کیا کیا؟َ میگا پراجیکٹ کہاں ہے؟

انہوں نے کہا کہ کوئی اداروں پر دباؤ ڈال کر جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہ کرے، عمران نیازی جمہوریت کیلئے بوجھ بن چکے ہیں، قبائلی علاقوں میں اصلاحات ہوں گی، دھرنوں کے ڈرامے بند کرو، موقع ملا تو آپ کے شہروں اور صوبے کو بدل ڈالیں گے۔

سعد رفیق نے بتایا کہ صوابی والوں نواز شریف آپ کے پاس صوابی ضرور آئیں گے، اب جلاؤ گھیراؤ سے نہیں فیصلہ ووٹر کرے گا، ملک کی ترقی پر عمران خان صاحب کو خوشی کیوں نہیں ہوتی، فیصلہ عوام کا چلے گا، دھرنے کا نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں