لاہور : پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق آج نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوں گے، نیب نے تمام دستاویزات اور منی ٹریل لے کر آنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق آج نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوں گے، نیب نے دونوں بھائیوں کو پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں طلب کر رکھا ہے اور ہدایت کی ہے کہ تمام دستاویزات اور منی ٹریل لے کر آئیں۔
ذرائع کے مطابق اگر سعد رفیق مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کرسکے تو ان کی بھی گرفتاری کا امکان ہے۔
گذشتہ روزسابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس پر سماعت میں وکلاء صفائی نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ نیب نے سعد رفیق اور سلمان رفیق کو تحقیقات کے لیے طلب کیا ہےخدشہ ہےنیب انہیں گرفتار کرلے گی۔
مزید پڑھیں : خواجہ سعد رفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور
جس پر عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی 24 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 5، 5 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
اس سے قبل خواجہ سعد رفیق نے گرفتاری ے بچنے کے لیے ایک درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی دائر کی تھی، جسے مسترد کردیا گیا تھا ۔
خیال رہے آشیانہ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انشاف ہوا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر کو نیب نے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا، وہ صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہوئے تھے اور نیب لاہورنے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا، آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے۔