لاہور: سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رونے والے روتے رہیں، ہم آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک میں ڈیم بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جلنے والے جلتے رہو، رونے والے روتے رہو، ہم پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے، مخالفین کا کام صرف شور مچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چور کہا گیا تو کبھی ہم پر حملہ کیا گیا، ہمارے لیڈر کو نااہل کر دیا گیا، ایسے بالکل بھی نہیں چل سکتا، ہم یہ تماشا نہیں بننے دیں گے، ہمیں عوام کی خدمت کرنے کی سزا دی گئی۔
ہاتھ باندھے جائیں اور منہ پر ٹیپ لگادی جائے تو حکومت کا کیا فائدہ؟ سعد رفیق
رہنما مسلم لیگ ن کا عام انتخابات سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ عام الیکشن نہیں پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے، مسلم لیگ ن جیتی تو اپنا کام سر انجام دیں گے، جس طرح ماضی میں لوگوں کے لیے کام کیا اسی طرح مسقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری وجہ سے فاٹا قومی دھارے میں شامل ہوچکا ہے، ملک کا ووٹر شیر کے ساتھ کھڑا ہے، آئندہ حکومت میں ریلوے کو مزید ترقی اور پی آئی اے کو ٹھیک کریں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز پنجاب کے ضلع فیروز پور روڈ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ارب درختوں نے سلیمانی ٹوپی پہن رکھی ہے، پی ٹی آئی نے عوام کو بے وقوف بنایا، ماضی میں سرکاری ٹی وی پر حملہ اور وزیراعظم ہاؤس کا گیٹ توڑا گیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔