کراچی : فلم والا پکچرز کی نئی فلم ‘کھیل کھیل میں’ کا پہلا گانا ‘نئی سوچ’ ریلیز کردیا گیا جس کے خوبصورت بول اور مدھر دھن نے شائقین کے دلوں میں گھر کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر نبیل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں تاریخی واقعات کو ایک نئے اور دل گرما دینے والے انداز میں پیش کیا جائے گا۔
مدھر دھن پر بنائے جانے والے گانے ’’نئی سوچ‘‘ کی ویڈیو باقاعدہ ریلیز کردی گئی جس میں سجل علی اور بلال عباس خان نے اپنی صلاحیتوں کا جلوا بکھیرا ہے۔
ہ گانا نوجوانوں کے نقطہ نظر کے مطابق انقلاب کے تصور پر مبنی ہے جو پُرجوش اور بلندی پر اڑنا چاہتے ہیں۔ اس گانے میں تفریح کے ساتھ ساتھ ایک پوشیدہ پیغام ہے جو معاشرے کی ذہنیت کو بدل سکتا ہے۔
یہ گانا بہت سے دوسرے گانوں سے مختلف ہے کیونکہ اس میں نوجوانوں کےلیے نئی سوچ کا ایک پوشیدہ پیغام ہے جو کبھی بالی ووڈ اور لالی وڈ کے کسی گانے میں نہیں دیکھا گیا۔
نبیل قریشی کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی فلم میں سجل علی، بلال عباس خان مرکزی کردار نبھائیں گے جب کہ تجربہ کار اداکار جاوید شیخ، سمینہ احمد، مارینہ خان اور منظر صہبائی بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
یاد رہے کہ فکچر والا فلم کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم 19 نومبر کو ریلیز کی جائے گی، اے آر وائی ڈیجیٹل اور اے آروائی نیوز فلم کے میڈیا پارٹنرز ہیں۔