کراچی ایئرپورٹ سے پرواز کیلیے اڑان بھرنے والا مسافر طیارہ فوری طور پر واپس اتار لیا گیا، بصورت دیگر بڑا حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے نجف جانے والی عراقی ایئرلائن کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، مسافر طیارے کو اڑان بھرتے ہی واپس کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کپتان نے اڑان بھرتے ہی کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے طیٓارے کے لینڈنگ گیئر کی خرابی سے آگاہ کیا تھا۔
اطلاع ملتے ہی ایئرٹریفک کنٹرولر نے رہنمائی کرتے ہوئے ہنگامی طور پر طیارے کی بحفاظٖت لینڈنگ کروائی، فنی خرابی کے باعث طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کی لینڈنگ کے بعد انجینئرز کی جانب سے طیارے کا مکمل جائزہ لیا گیا، انجینئرز خرابی دور کرنے کیلیے مصروف عمل ہیں۔
طیارے میں فنی خرابی آج صبح اڑان بھرنے کے بعد پیدا ہوئی تھی، مسافروں کو ایئرپورٹ لاؤنج میں منتقل کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : مسافر طیارہ 8 گھنٹے پرواز کے بعد واپس ممبئی آگیا
رواں ہفتے بھارتی شہر ممبئی سے نیویارک جانے والا مسافر طیارہ بم کی اطلاع ملنے پر 8 گھنٹے پرواز کے بعد واپس اتار لیا گیا تھا، جہاز میں 322 افراد سوار تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ جس میں 303 مسافر اور 19 عملے کے ارکان سوار تھے، آذربائیجان کی فضائی حدود میں تھا جب اس کے عملے کو بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔