اسلام آباد : وزیر دفاع خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے واضح انداز میں امریکہ کو بتا دیا کہ وہ افغانستان میں ناکامی پر الزام تراشی نہ کرے پاکستان’خود مختار، جوہری طاقت ہے، ڈیڈ لائنز نہیں دی جا سکتی، جماعت الدعوۃ کے خلاف حالیہ کارروائی کا امریکہ سے تعلق نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خرم دستگیر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جماعت الدعوۃ کے خلاف حالیہ کارروائی کا امریکہ سے تعلق نہیں یہ آپریشن ردالفساد کا حصہ ہے۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین کو ان سے پاک کرنا ہے، جماعت الدعوۃ کے خلاف کارروائی سوچ سمجھ کر کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور آئندہ دہشت گرد کسی اسکول میں بچوں کو گولیاں نہ مار سکیں۔‘
وزیر دفاع نے کہا کہ موجودہ پاکستان ضربِ عضب کے بعد کا پاکستان ہےامریکہ ہم سے انسدادِ دہشتگردی سیکھنے کی بجائے دشنام طرازی کر رہا ہے، انڈیا پاکستان کے خلاف افغانستان کی زمین بھی استعمال کر رہا ہے، تعاون کی زبان میں بات ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں : کسی کو پاکستانی زمین پرافغان جنگ نہیں لڑنے دیں گے، وزیر دفاع
انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے بے لاگ انداز میں امریکہ کو بتا دیا ہے کہ وہ افغانستان میں ناکامی پر الزام تراشی نہ کرے پاکستان’خود مختار، جوہری طاقت ہے، ڈیڈ لائنز نہیں دی جا سکتی۔
یاد رہے گذشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر وزیر دفاع خرم دستگیر نے بھی دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اپنی زمین کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، کسی کو بھی افغان جنگ پاکستان لانے نہیں دیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کی ناقابل تردید مدد کر چکاہے، پاکستان میں نہ تو دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ہیں اور نہ ان کیلئے کوئی حمایت کرنے والا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور عوام نے لازوال قربانیاں دیں۔