کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پی پی نے کراچی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا کارنامہ یہ ہے کہ آج کراچی دنیا کے بدترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے عالمی رپورٹ پیپلز پارٹی کے 15سالہ بد ترین دور حکومت کی نالائقی کا بڑا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر قائد پر قبضہ کرنے اور کرپشن کے علاوہ پیپلزپارٹی نے کوئی کام نہیں کیا، پاکستان کا سب سے بڑا شہر پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر تباہ کردیا۔
پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ سندھ حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ صرف مال بنانے کے لیے اپنا اپنا ایڈمنسٹریٹر لگانا چاہ رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کراچی کی عوام کیلئے کوئی بنیادی سہولت موجود نہیں ہے، دونوں سیاسی جماعتوں نے شہر کو رہنے کے قابل نہیں چھوڑا۔