کراچی : لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے کے خوف سے تالاب میں چھلانگ لگا نے والا 12سالہ بچہ جان بحق ہوگیا، واقعے کی ویڈیو اپوزیشن رہنما خرم شیر زمان نے شیئر کردی۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی سندھ خرم شیر زمان نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سخت بیان جاری کیا۔
انہوں نے12سالہ بچے کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئرکردی، انہوں نے لکھا کہ سندھ میں آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ بلاول کے گاؤں کے بچے نے کتے کے کاٹنے کے خوف سے تالاب میں چھلانگ لگائی لیکن پیپلزپارٹی کو انسانوں سے زیادہ کتوں سے ہمدردی ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے مزید کہا کہ صوبے میں اپنی ناکام پالیسیوں کے باعث نالائقی کی داستان رقم کرنے والی پیپلز پارٹی کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ لاڑکانہ کے نواحی گاؤں آریجہ پھیڑو میں آوارہ کتے کے کاٹنے کے خوف سے بچے نے تالاب میں چھلانگ لگا دی اور ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے بچے نے بھاگ کر اپنی جان بچا لی۔
علاقہ مکینوں نے12 سالہ علی ڈنو شیخ کی لاش نکال کر چانڈکا اسپیتال منتقل کی جہاں ڈاکٹروں نے بچے کے فوت ہونے کی تصدیق کردی۔
بچے کے والد لال ڈنو شیخ کا کہنا تھا کہ دونوں کزن پاس والے گاؤں ذکریو مہیسر میں دوست کے پاس گئے واپسی پر حادثہ پیش آیا، آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا۔
علاوہ ازیں ایک روز کے اندر آوارہ کتے کے کاٹے کے 12 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے، تمام متاثرین بچوں و بڑوں کو ویکسین دی جاچکی ہے۔