کراچی : تحریک انصاف کی قیادت نے رکن خرم شیر زمان کو میئر کراچی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا، پی ٹی آئی ایم پی اے کو باور کرایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم اتحادی جماعت ہے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے محمد رافع حسین کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کے استعفے کا مطالبہ خرم شیر زمان کو مہنگا پڑ گیا، جس کے بعد دونوں شخصیات کے درمیان الفاظ کی جنگ چھڑ گئی۔
؎میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کے بعد تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے اس کا سختی سے نوٹس لیا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی جانب سے پیغام دیتے ہوئے خرم شیر زمان کو بیان بازی سے روک دیا گیا ہے۔
قیادت کا پیغام ہے کہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے، ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جس سے اختلافات پیدا ہوں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میئر کراچی وسیم اختر کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایم کیوایم فوری طور پر اپنا میئر تبدیل کرے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مؤفف واضح کرے، وزیرا عظم سے بھی اس معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: میئر کراچی وسیم اختر اور خرم شیر زمان کے درمیان لفظوں کی جنگ
اس کے علاوہ گزشتہ روز میئر کراچی وسیم اختر نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں مونٹیسوری میں پڑھنے والے بچے قرار دے دیا تھا۔
جس کا جواب دیتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میئر کراچی کو کہا کہ اب یہ نابالغ ہی آپ کو بتائیں گے کہ شہر کیسے چلے گا۔انہوں نے میئر کراچی کو باور کرایا کہ آئندہ کراچی کا میئر بھی پاکستان تحریکِ انصاف سے ہوگا۔