کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تقریر پر پی ٹی آئی ایم پی اے خرم شیر زمان نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق نے سندھ کو اس کا پورا حصہ دیا ہے، مراد علی شاہ سندھ کےعوام کو گم راہ کرنا بند کریں۔
تفصیلات کے مطابق خرم شیر زمان نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بجٹ میں کراچی کے لیے صرف 6.5 ارب رکھنا باعث شرم ہے، وفاق نے موجودہ بجٹ میں سندھ کے لیے 45 ارب مختص کیے ہیں۔
پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 162 ارب روپے پر مبنی کراچی پیکج کا بھی اعلان کیا ہے، وفاق اب تک سندھ کے لیے 200 ارب سے زیادہ کا اعلان کر چکا ہے۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ہٹ دھرمی کرے گی تو اپوزیشن سے خیر کی امید نہ رکھے، صوبے کی تباہی کا ٹھیکا سندھ حکومت نے اٹھا رکھا ہے، سندھ حکومت بجٹ تو ہر سال دیتی ہے مگر یہ جاتا کہاں ہے اب پتا چلنے لگا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن نے میرا نام تبدیل کیا، بہت افسوس ہوا: وزیر اعلیٰ سندھ
خیال رہے کہ آج صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت ٹیکس وصولی پر کام کر رہی ہے مگر ہمیں 139 ارب میں سے صرف 13 ارب روپے ملے، ابھی 126 ارب روپے مزید ملنے ہیں، وفاق پیسے پورے نہیں دیتا تو قسطوں میں دے۔
انھوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اب تک 42 ارکان بجٹ پر بحث کر چکے ہیں جب کہ قومی اسمبلی میں ایسا نہیں ہو سکا، تین روز گزر جانے کے باوجود کسی کی تقریر مکمل نہ ہو سکی، ہم سب کو بات کا موقع دیں گے اور انشاء اللہ 5 دن میں بجٹ پر بحث مکمل کریں گے۔