کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ سندھ کے حالات بہتر کرنے ہیں تو پیپلزپارٹی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ پورا پاکستان پریشان ہے کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس روزانہ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈرز کے لیے سندھ اسمبلی اجلاس پر روزانہ 50 لاکھ خرچ ہو رہے ہیں، صرف2 افراد کے پروڈکشن آرڈر کے لیے اجلاس کیے جا رہے ہیں۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ کرپشن اس حد تک پہنچ گئی کہ عوام کی چیخیں نکلنا شروع ہوگئیں، صوبے میں تعلیم کا نظام دن بدن نیچے آ رہا ہے، جو اساتذہ احتجاج کرتے ہیں ان کو ڈنڈے مارے جاتے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ نیب کو خط لکھ رہے ہیں محکمہ بلدیات کی تحقیقات کی جائیں، کے فور میں کتنی کرپشن ہوئی اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ جتنا پیسہ سندھ میں خرچ ہو رہا ہے وہ وفاق کا ہے، آخری موقع ہے، سندھ حکومت کو اپنا قبلہ درست کرلے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے حالات بہتر کرنے ہیں تو پیپلزپارٹی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔