کراچی : پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد دھرنے کی حمایت کرنے والی پیپلز پارٹی نے اپنے خلاف دھرنا دینے والوں پر تشدد کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ دہرا معیار رکھتی ہے۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں پرامن احتجاج کرنے والے اساتذہ پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہی۔
ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ جو اساتذہ بچوں کو تعلیم دیتے ہیں آج انہیں سڑکوں پر گھسیٹا جارہا ہے، سندھ پولیس کا خواتین اساتذہ پر بھی تشدد انتہائی افسوسناک عمل ہے۔
آزادی مارچ کے حوالے سے رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دوہرا معیار رکھتی ہے، ایک طرف پیپلز پارٹی خود دھرنے کی حمایت کرتی ہے۔
دوسری جانب اپنے خلاف دھرنا دینے والوں پر تشدد بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف احتجاج کرنے والے اساتذہ کے ساتھ کھڑی ہے، اساتذہ کے حقوق اور ان کے مطالبات کیلیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں پروفیسر اور لیکچررز کا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد گرفتار
واضح رہے کہ کراچی میں پروفیسر اور لیکچررز نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کیا، مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔
اس موقع پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد اساتذہ کو گرفتار بھی کرلیا۔سپلا رہنما کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے15 سے زائد اساتذہ کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار شدگان میں8 خواتین لیکچررز بھی شامل ہیں۔