کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی خدمت کرنے پر افواج پاکستان کے مشکور ہیں، ہم نے پاکستان میں تقریباً کرونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پریشانیوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت نظر نہیں آتی، حکومت سے پوچھتے ہیں کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کہاں ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی خدمت کرنے پر افواج پاکستان کے مشکور ہیں، متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری راشن فراہم کیا جائے۔ دادو اور متاثرہ علاقے کے لوگوں کو فوری منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن وزیر اعظم عمران خان کا وژن تھا، دیگرممالک وزیر اعظم کے اقدامات کو کاپی کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف پہنچایا ہے، احساس پروگرام کے ذریعے لوگوں کو پیسے دیے گئے۔ ایک کروڑ 23 لاکھ لوگوں کو احساس پروگرام سے ریلیف دیا گیا۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ آج تمام مارکیٹس، کیفے، ریستوران اور تھیٹر کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے، ہم نے پاکستان میں تقریباً کرونا وائرس کو شکست دے دی ہے، کریڈٹ وزیر اعظم کو جاتا ہے انہوں نے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا۔
انہوں نے کہا کہ 12 سال بعد بھی پیپلز پارٹی کتوں کے کاٹے کا علاج نہیں کر پا رہی، کتوں نے بچوں کی جانیں لے لیں ان سے خاتمہ نہیں ہوسکا، ہم سے جتنا ہو سکے گا اس شہر کے لیے ہم کریں گے۔