کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار 5.46 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک مزید ترقی کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ خوش آئند ہے، بڑی صنعتوں کی پیداوار 5.46 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام کے سامنے آرہے ہیں، معیشت کے لیے ہر روز نئی کامیابیاں سامنے آرہی ہیں، ٹیکسٹائل کی ترقی سے روزگار میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت مزید مستحکم ہو رہی ہے، اپوزیشن سے پاکستان کی ترقی ہضم نہیں کی جا رہی۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک مزید ترقی کرے گا۔
خیال رہے کہ حکومت نے اسی ماہ 5 سالہ ٹیکسٹائل پالیسی کی منظوری دی ہے، نئی پالیسی سے سرمایہ کاری اور لاکھوں لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
وزارت ٹیکسٹائل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی آنے والی ٹیکسٹائل پالیسی میں برآمدات کا ہدف 20 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے، پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔
ذرائع وزارت ٹیکسٹائل کے مطابق پالیسی میں گیس، بجلی اور دیگر ڈیوٹیز میں کمی شامل ہے۔ بند ٹیکسٹائل ملز کی بحالی کا پلان بھی پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے۔