سکھر : پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف ہوں یا قائم علی شاہ سب70سال کا حساب دینے کو تیار ہیں، ہم بھی کرپشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ پر مخالفین کہہ رہے تھے کہ صرف تین سو لوگ ساتھ ہیں۔
اب انہیں اپنا چشمہ اتار کر دیکھنا چاہیے کہ کتنے لوگ ہمارےٹرین مارچ میں موجود ہیں، میڈیا بھی دکھارہا ہے کہ بلاول بھٹو کے ساتھ ہزاروں لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کی طبیعت واقعی خراب تھی اسے ڈرامائی انداز کہنا مناسب نہیں، نواز شریف کو جاتی عمرہ اپنے گھر خیریت سے پہنچنے پر مبارک دیتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم بھی پاکستان سے کرپشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں، شہباز شریف ہوں یا قائم علی شاہ ہم سب70سال کا حساب دینے کو تیار ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ غربت مٹاؤ کے نام پر عمران خان عوام کو دھوکا دے رہے ہیں، پہلاسال ہے حکومت پانچ لاکھ گھراور10لاکھ نوکریاں ہی دے دے۔
عمران خان50لاکھ گھر بنانے اور نوکریاں دینے کاوعدہ پورا کریں، وزیر اعظم کے پاس کوئی گوشہ ہے ہی نہیں جس میں نرمی ہو، اگربات کرو تو کہتے ہیں کہ ہم کرپشن بچانے کیلئےاحتجاج کررہے ہیں۔