سکھر: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشیدشاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی آج احتساب عدالت میں سماعت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پی پی رہنما خورشیدشاہ کو آج سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر نیب ٹیم خورشیدشاہ کو پیش کرے گی۔
عدالت نے نیب ٹیم کو ٹھوس ثبوت پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ 21 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کےحوالے کیا تھا۔
مذکورہ سماعت شروع ہوئی تو نیب کی جانب سے خورشید شاہ کے15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور فاضل جج کو خورشید شاہ کی گرفتاری کی وجہ بھی بتائی تھی۔
آمدن سے زائداثاثہ جات کیس : خورشیدشاہ 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کےحوالے
دریں اثنا نیب وکیل نے بتایا تھا کہ خورشیدشاہ پر آمدن سے زائداثاثے رکھنے پر انکوائری شروع کی ہے، خورشید شاہ انکوائری میں نیب سے تعاون نہیں کررہے، انکوائری میں تعاون نہ کرنے پرخورشید شاہ کو گرفتار کیا گیا۔ تمام دلائل سننے کے بعد جج نے خورشیدشاہ کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔
واضح رہے 18 ستمبر کو نیب سکھر اور راولپنڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا ، بعد ازاں احتساب عدالت نے خورشید شاہ 21 ستمبر تک راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔