سکھر: پیپلزپارٹی رہنمااورسابق اپوزیشن لیڈرخورشیدشاہ کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی دعویدار صرف پیپلزپارٹی ہے کیونکہ قربانیاں دی ہیں،ہرجگہ پر جھکنا نہیں چاہتے،اقتدارکیلئے جھکنے والے کا سر اونچا نہیں ہوسکتا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں پیپلزپارٹی رہنما اورسابق اپوزیشن لیڈرخورشیدشاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جمہوریت چاہتے ہیں پیپلزپارٹی انتخابات میں اہمیت اجاگر کرے گی، ریاست کو جمہوریت کے ساتھ منسلک کرکے ترقی دلانا چاہتے ہیں۔
خورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ سوچنا ہوگا پی پی نے جمہوریت کیلئے اتنی بڑی قربانیاں کیوں دی ہیں، جمہوریت کی دعویدارصرف پیپلزپارٹی ہےکیونکہ قربانیاں دی ہیں۔
رہنما پی پی نے کہا ہر جگہ پر جھکنا نہیں چاہتے، اقتدار کیلئے جھکنے والے کا سر اونچا نہیں ہوسکتا، فیصلے میرٹ پر نہیں ہوں گے توعوام کو کبھی حقوق نہیں ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام پر پٹرول بم گرایا گیا نگراں حکومت کیسے ٹیکس لگاسکتی ہے، نگراں حکومت کا کام نہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرے،
پارلیمنٹ کے کام نگراں حکومت سرانجام دے رہی ہے۔
خورشیدشاہ نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، پی پی آج بھی اور کل بھی عوام کیلئے احتجاج کرے گی۔