اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے فواد چوہدری سے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا ہے، شہبازشریف کا کہنا ہے کہ خورشیدشاہ سے جیسے بات کی ایسے نہیں کرنی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے فواد چوہدری سے کھڑے ہو کر پارلیمنٹ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا عوام کا مینڈیٹ لے کر پارلیمنٹ میں آئے ہیں، سنجیدہ وزیر ہوں گے تو اس قسم کی گفتگو نہیں کریں گے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جو لفظ استعمال کیا گیا وہ گھٹیا ہے، اس قسم کی گفتگونہیں کرنی چاہیے،جب تک فواد چوہدری پارلیمنٹ سےمعافی نہیں مانگیں ہم یہاں نہیں بیٹھیں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی فوادچوہدری سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا، شہبازشریف کا کہنا تھا خورشیدشاہ سے جیسے بات کی ایسےنہیں کرنی چاہیے، فوادچوہدری جوبھی بات کرنا چاہیں کریں لیکن پارلیمانی آداب کاخیال رکھیں اور معاملہ آگے بڑھنے دیں۔
مزید پڑھیں : اگر وزیراعظم میری بات مانیں تو ملک لوٹنے والوں کو الٹا لٹکانا چاہے، فواد چوہدری
یاد رہے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں دھواں دھار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل مل، پی آئی اے سمیت دیگراداروں کو تباہ کیا گیا، ڈاکوؤں کو ڈاکو نہ کہیں تو کیا کہیں ملک لوٹنا پارلیمانی ہے اور ڈاکو کہنا غیرپارلیمانی ڈاکو کو تو ڈاکو ہی کہا جائے گا ،
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ڈاکوہیں ،قومی خزانے کو ایسے لٹائے جیسے مجرے میں لٹائے جاتے ہیں، اگر وزیراعظم میری بات مانیں تو ملک لوٹنے والوں کو الٹا لٹکانا چاہے۔