اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے آرمی پبلک اسکول کے دلخراش سانحے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے آرمی پبلک اسکول سانحے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی اس سانحے میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات ہوئی ہے۔ والدین واقعے کی تحقیقات نہ ہونے پر بے حد مایوس ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بتایا جائے اب تک واقعے کی تحقیقات کیوں نہیں کی گئیں۔ واقعے کی تحقیقات پر پردہ کیوں ڈالا جاتا ہے۔
انہوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 144 بچے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے گئے اور انہیں مار دیا گیا۔
یاد رہے کہ دو سال قبل 17 دسمبر سنہ 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں بچوں کو بے دریغ موت کے گھاٹ اتارا گیا۔
مزید پڑھیں: آرمی پبلک اسکول پر حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو پھانسی
دلخراش سانحے میں طلبا، اساتذہ اور اسکول پرنسپل سمیت 148 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
بعد ازاں دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث 4 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی جس کی توثیق سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کی تھی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔