سکھر : پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی حکومت کو کام کرنے دیں، عمران خان نے جو وعدے کئے تیس سالہ کیریئرمیں نہیں سنے، الیکشن چھ بجے سے پہلے فیئر تھا، چھ کےبعد فری ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیشہ اپنی سیاست میں پارلیمنٹ کو سپریم سمجھا، پارلیمنٹ میں بہترین فیصلے کئے جا سکتے ہیں۔
خورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی حکومت کوکام کرنے دیں، حکومت نے 100 دن کا کہا ہے، ہمیں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا ہم چاہتے ہے کہ ملک میں جمہوریت ہو، 5 سال مکمل کرنے کا سابقہ حکومت کو بھی موقع دیا تھا، موجودہ حکومت کو بھی موقع دیں گے کہ وہ اپنے وعدے پورےکرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی معاملات کیلئے بہت سی چیزوں پر خاموشی اختیار کی، الیکشن چھ بجے سے پہلے فیئر تھا، چھ کےبعد فری ہوگیا، انتخابی نتائج کو پہلے بھی ماننے سے انکار کیا اور اب بھی کرتے ہیں۔
خورشیدشاہ نے کہا عمران خان نے جووعدے کئے 30سالہ کیریئرمیں نہیں سنے، محاورہ ہے جتنی چادر دیکھو اتنے پیر پھیلاؤ، مگر یہ چادر گھٹنوں سے اوپرہے، ایک کروڑنوکریوں کیلئےحکومت کوکئی سال چاہئیں۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ مبینہ انتخابی دھاندلی کے باوجودحکومت کوتسلیم کیا، وزیراعظم نےبھی پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا، ملک میں جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں، دھونس دھمکی کی حکومت کونہیں مانتے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نےعوام سےکیے وعدےپورے نہ کیے تو احتجاج کرینگے، 50 لاکھ گھروں کیلئے 5 ہزار کھرب کی رقم چاہیے۔
ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ڈیم بنانا اچھی بات ہے، ڈیمز کیلئے فنڈریزنگ بھی اچھی بات ہے، ڈیم بنیں گے تو ملک میں خوشحالی آئے گی اور معیشت بھی مضبوط ہوگی لیکن ڈیم پربھی سیاست کی جارہی ہے، نعروں سے ڈیم نہیں بنیں گے۔
انھوں نے کہا پنجاب میں اس وقت5وزرائےاعلیٰ ہیں، جلسے نہیں ہورہے اب حکومت ہے، یوٹرن سے کام نہیں چلےگا، پاکستان میں 5 فیصد لوگ ٹیکس دیتے ہیں اور بھارت میں8 فیصد لوگ دیتے ہیں۔