سکھر : آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، پی پی رہنما کا 90رزہ ریمانڈ مکمل ہوگیا مزید ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا 90روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد آج احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔
خورشید شاہ کو اسپتال سے عدالت پیش کیا جائے گا، ان کو آج سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب سکھرعدالت سے خورشید شاہ کے مزید ریمانڈ کی استدعا کرے گی جبکہ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کی طبیعت خراب ہے،مزید ریمانڈ نہ دینےکی اپیل کرینگے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے عبوری ریفرنس پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ خورشید شاہ کو18 ستمبر کو نیب سکھر اور راولپنڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے18ستمبر کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے خورشید شاہ کو راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔اس سے قبل31 جولائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سید خورشید شاہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی تھی۔