سکھر : آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، پی پی رہنما کا پانچ رزہ ریمانڈ مکمل ہوگیا مزید ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا پانچ روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد آج احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔
اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب سکھر عدالت سے خورشید شاہ کے مزید ریمانڈ کی استدعا کرے گی جبکہ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کی طبیعت خراب ہے،مزید ریمانڈ نہ دینےکی اپیل کرینگے۔
وکیل کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کو نیب58دن تک پہلے ہی ریمانڈ پررکھ چکی ہے، تاہم نیب خورشید شاہ کیخلاف اب تک کوئی ٹھوس ثبوت عدالت میں پیش نہیں کرسکی۔
یاد رہے کہ خورشید شاہ این آئی سی وی ڈی سکھر میں زیرعلاج ہیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کی طبیعت سفر کرنے کیلئے موضوع نہیں ہے ڈاکٹرز نے خورشید شاہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاج مکمل ہونے تک سفرنہ کریں۔
مزید پڑھیں: اثاثہ جات کیس ، خورشید شاہ کے ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع
واضح رہے 18 ستمبر کو نیب سکھر اور راولپنڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا ، بعد ازاں احتساب عدالت نے خورشید شاہ کو راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔
خیال رہے کہ 31 جولائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سید خورشید شاہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی تھی۔