سکھر : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج کے بعد نوازشریف کےاستعفےکےلئےدباؤ بڑھاتےرہیں گے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی سے استعفیٰ مانگنے والے نوازشریف کو اب اخلاقی طور پرمستعفیٰ ہوجاناچاہئے۔
یہ بات انہوں نے سکھر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے قائد نے آج پارٹی ورکرز کو نئی حکمت عملی سے آگاہ کردیا ہے۔
آج کے بعد نوازشریف پر استعفے کے لئے دباؤ بڑھاتے رہیں گے، نوازشریف کے استعفے کے لیے سٹرکوں پر نکلناپڑا تو نکلیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ اپوزیشن میں تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ چل سکتے ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے اپوزیشن کے 3 مطالبات ہیں ۔پہلا مطالبہ جوڈیشل کمیشن کو اختیارات دیے جائیں ۔
دوسرا مطالبہ مشترکہ ٹی او آرز طے کئے جائیں جبکہ تیسرا مطالبہ پاناما لیکس کے فارنزک آڈٹ کا ہے ان تین مطالبات کے علاوہ اپوزیشن کوئی چیز تسلیم نہیں کرے گی۔