کراچی: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی تبدیلی سیاسی معاملہ ہے۔ سیاست میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔
کراچی میں ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کے والد کی وفات کے موقع پر اظہار تعزیت کے لیے آنے والے خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی تبدیلی سیاسی معاملہ ہے۔ سیاست میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کا میئر وسیم اختر کو ہی ہونا چاہیئے۔ پولیس کو 9 سال بعد انہیں گرفتار کرنے کا خیال کیوں آیا۔
انڈونیشیا میں پاکستانی شہری کی پھانسی کے معاملے پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ وزارت خارجہ سے تعلق رکھتا ہے مگر ملک میں وزیر خارجہ ہے ہی نہیں۔ وزیر اعظم پہلے ہی بیمار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کی کوششوں سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔ اندرون سندھ امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے اور اس سے قبل پاکستانی کی تاریخ میں ایسی صورتحال صرف بھٹو کے دور میں ہی ہوئی تھی۔ اب بھی ویسا ہی امن ہے۔