اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ جو ایم کیو ایم قائد کے ساتھ ہاتھ ملائے گا ملک دشمنوں میں تصور ہوگا، اسٹیبلشمنٹ اور حکمرانوں کو کہتا ہوں ایم کیو ایم پر پابندی کا نہ سوچیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جو الطاف حسین کے ساتھ ہاتھ ملائے گا وہ ملک دشمن شمار ہوگا، ایم کیو ایم پر پابندی کے حق میں بالکل نہیں ہوں، ایم کیو ایم کو کام کرنے دیا جائے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے وفد نے مجھے مکمل یقین دلایا کہ پارٹی قائد سے کوئی تعلق نہیں، ایم کیو ایم کو چلنے دیا جائے تو چھ ماہ میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکمرانوں کو کہتا ہوں ایم کیو ایم پر پابندی کا نہ سوچیں جبکہ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ حکومت کا ریفرنس موصول ہوا ہے لیکن ابھی دیکھا نہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن بل مسترد کیا تو متحدہ اپوزیشن مشترکہ لائحہ عمل اپنائے گی، پیپلزپارٹی کا دورکنی وفد پی ٹی آئی کی ریلی میں شرکت کرے گا۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ کوٹہ سسٹم سے کسی کوکوئی نقصان نہیں. سب کو اپنا حصہ مل رہا ہے۔