اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد اسپیکرہاؤس میں نہیں رہ سکتے، اسپیکر ہاؤس پارلیمنٹ کی پراپرٹی ہے، پارلیمنٹ کی پراپرٹی میں وزیراعظم نہیں آسکتے۔
تفصیلات کے مطابق پییپلز پارٹی کا خورشید شاہ نے عمران خان کے اسپیکر ہاؤس میں رہائش کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد اسپیکر ہاؤس میں نہیں رہ سکتے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسپیکر ہاؤس پارلیمنٹ کی پراپرٹی ہے، پارلیمنٹ کی پراپرٹی میں وزیراعظم نہیں آ سکتے، اسپیکرہاؤس میں اسپیکر کے علاوہ اور کوئی رہائش اختیار نہیں کرسکتا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم کے لئے اس کا اپنا گھرموجود ہے، اپوزیشن اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کے لئے متفقہ امیدوار لائے گی، کامیابی کیلئے پر امید ہیں۔
ایم کیو ایم کے عمران خان کے حمایت کے فیصلے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی مرضی ہے، کیا لیا ہے کیا دیا، ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ساتھ کیا معاہدہ کیا ، آگے دیکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں : عمران خان کا وزیراعظم ہاؤس کے بجائے اسپیکر ہاؤس میں قیام کرنے کا فیصلہ
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کے بجائے منسٹر انکلیو میں اسپیکر ہاؤس میں قیام کا فیصلہ کیا جبکہ پروٹوکول بھی کم سے کم رکھنےکی ہدایت کی۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ میں عوام کےٹیکس کے پیسوں کا خود محافظ ہوں، عوام کا پیسہ حکمرانوں کی عیاشیوں پرخرچ نہیں ہوگا۔