کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کیے جانے کے خلاف مزاحمت کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے سندھ میں اتحادی جماعتوں کے مطالبے پر بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کے عندیے پر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اس اقدام کی مزاحمت کرے گی۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی خبر اے آر وائی نیوز پر دیکھی، کہا وزیر اعظم سے اسی کی توقع کی جا سکتی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ آمر ضیا الحق اور پرویز مشرف محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے خوف زدہ تھے، شہید بی بی نے جمہوریت کی خاطر جام شہادت نوش کیا، بی بی سے خوف زدہ سیاست دانوں کو عوام نے مسترد کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان پاکستان کے عوام کے دلوں پر راج کرتا ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایک نظریے کا نام ہے۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز خان گڑھ میں علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر اتحادیوں سے ملاقات کے موقع پر ان کے مطالبے پر کیا۔
اتحادی جماعتوں کے اراکین کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی حکومت کا پروگرام ہے لیکن پی پی والے سمجھتے ہیں کہ یہ صوبائی حکومت کا پروگرام ہے، اگر اس کا نام تبدیل کیا جائے تو اچھا ہوگا۔