سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء سید خورشید احمد شاہ نے صوبائی سطح ہر الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اٹھارویں ترمیم کے بعد سے الیکشن کمیشن آف پاکستان زیادہ خود مختار ادارہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبائی الیکشن کمیشن میں فوری طور پر سیئنر افراد کو تعینات کیا جائے۔
قائد حزبِ اختلاف خورشید کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی الیکشن کمیشن میں سینئر ترین افراد کی تعیناتی نہیں کی گئی تو شکوک اور شبہات جنم لیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نےانتخابات سے پہلے جو پابندی عائد کی غلط ہے، کسی نے چیف الیکشن کمیشن کو غلط گائیڈ کردیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ ماضی میں ایسی بھرتیوں اورترقیاتی اسکیموں پرپابندی نہیں تھی، آر اوز پر نظر رکھنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
پاکستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات الیکشن کمیشن کے لیے ایک امتحان ہے، ملک میں اٹھارویں ترمیم کے بعد سے الیکشن کمیشن آف پاکستان زیادہ خود مختار ہے اگر الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کروانے میں اب بھی ناکام ہوا تو اللہ ہی حافظ ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روزخورشید شاہ نے کہا تھا کہ ’پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کرنے پر حیرانگی ہے‘۔
ان نے کہنا تھا کہ میری تحریک انصاف کے رہنماؤں سے مشاورت جاری تھی، اب ملاقات کا کیا فائدہ ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے ناموں کا اعلان کرنا وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈرکی ذمہ داری ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت 15مئی تک نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرلے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔